لاہور(سپورٹس رپورٹر)کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان پریمیئر سپر لیگ کا تیسر اایڈیشن شروع ہو گیا جس میں نیٹسول، ایبکس، الائیڈ بینک، ڈیجیٹل پلاننگ سروسز اور کنٹرولر جنرل اکائونٹس پاکستان نے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی۔ پریمیئر سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی اور ٹورنامنٹ کے آرگنائزر فہیم مختار بٹ نے کیا۔ ایل سی سی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیٹسول نے یو سی ایس کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ نیٹسول کے فراز حسن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ دوسرے میچ میں ایبکس نے سٹوورٹ کو 13 رنز سے مات دی۔ ایبکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے ۔جواب میں سٹوورٹ کی ٹیم 152 رنز بناسکی۔ بہترین بلے بازی پر اسفند یار مین آف دی میچ قرار پائے ۔ ماڈل ٹائون وائٹس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں الائیڈ بینک نے جاز کو 52 رنز سے شکست دے دی۔ الائیڈ بینک نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے ۔ ہدف کے تعاقب میں جاز کی ٹیم 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رضوان اسلم کومین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ ماڈل ٹائون وائٹس گرائونڈ میں ہی کھیلے گئے دوسرے میچ میں ڈیجیٹل پلاننگ سروسز نے نووامیڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دی ۔