لاہور( کرائم رپورٹر، سٹاف رپورٹر )کالعدم تنظیم کے 4 مزید رہنماؤں کو سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا ، سی ٹی ڈی کی طرف سے گرفتار کئے گئے رہنماؤں میں کالعدم تنظیم کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر ظفر اقبال، محمد یحییٰ عزیزاور محمدا شرف شامل ہیں، تنظیم کے گرفتار رہنماؤں کے اثاثے بھی منجمند کر دیے گئے ہیں، سی ٹی ڈی نے الزام عائد کیا گرفتار رہنماؤں کا تعلق کالعدم قرار دیے گئے الانفال ٹرسٹ سے ہے اور اسی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا ، واضح رہے الانفال ٹرسٹ نے مختلف شہروں میں زمین خرید کر مساجد کی تعمیر کا کام کیا ہے ، چند ماہ قبل حافظ محمدسعید کو جب گرفتار کیا گیا تو ان پر بھی یہی مقدمہ بنایا گیا تھا کہ منڈی بہاؤالدین کے ملکوال علاقہ میں 7 مرلہ کی زمین پرجس ٹرسٹ کی جانب سے مسجد بنائی گئی تھی اس ٹرسٹ کے ممبران میں حافظ محمد سعید کا نام بھی شامل تھا، حافظ محمد سعید کی طرح ان 4 رہنماؤں کوبھی اقوام متحدہ کی سلامتی کمیٹی کی قرارداد 1267کے تحت گرفتار کیا گیا ہے تاہم ان کے خلاف درج مقدمات الانفال ٹرسٹ سے تعلق کی بنیاد پر بنائے گئے ہیں ۔