کراچی (کامرس رپورٹر)سری لنکا کے قونصل جنرل جی ایل گننا تھیوا نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری تعلقات کو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات تجویز کرتے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو دعوت دی ہے کہ وہ تجارت وسرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے اپنا وفد سری لنکا بھیجے ۔ اس کے علاوہ سری لنکا کی تاجربرادری کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے ذرائع اور طریقے بھی تلاش کریں۔یہ بات انہوں نے کے سی سی آئی کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں کے سی سی آئی کے صدر آغا شہاب احمد خان،سینئر نائب صدر ارشد اسلام، نائب صدر شاہد اسماعیل اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی شریک تھے ۔سری لنکن قونصل جنرل نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کی تاجربرادری کو موجودہ تجارتی حجم کو بہتر بنانے کے لیے تجارت کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔انہوں نے کہاک سری لنکاوہ پہلا ملک ہے جسے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔انہوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان کے دورے کے موقع پر کوئی مسئلہ درپیش نہیں رہا بلکہ سری لنکن ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے ایک بار پھر جلد یہاں آئے گی۔