جام شورو اور کے ڈی اے سکیم۔33کے درمیان 130کلو میٹر طویل 220میگاواٹ ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے اپ گریڈ ہونے کے باعث کراچی کو اس موسم گرما اور رمضان المبارک میں 450میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔توانائی ‘پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر عمر ایوب نے پنے ٹویٹر پیغام میں اس کا کریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مجموعی طور پر کراچی کے لئے اس موسم سرما میں بجلی کی فراہمی 11سو میگاواٹ تک پہنچ جائے گی‘ یقینا یہ اہل کراچی کے لئے ایک اچھی خبر ہے جو برسوں سے سارا سال خصوصاً شدیدموسم گرما میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی عدم فراہمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث اپنا وقت اذیت میں گزارتے رہے ہیں‘ فی الوقت تو اہلیان کراچی کو نیشنل گرڈ سے 800میگاواٹ بجلی فراہم کی جار ہی ہے ۔اس طرح شیڈول کے مطابق31مارچ تک 220کے وی ڈبل ٹرانسمیشن لائن کے فعال ہونے سے اس موسم گرما خصوصاً رمضان المبارک کے دوران اضافی بجلی کی فراہمی سے توقع کی جا سکتی ہے کہ کراچی میںبرسوں سے جاری لوڈشیڈنگ کے دورانیوں میں کمی آئے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اضافی بجلی کو رمضان المبارک سے پہلے ہر حال میں فعال کر دیا جائے اور شہریوں کو اس کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کو یقینی بھی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔