برلن ( ویب ڈیسک) جرمنی کے دارالحکومت برلن میں رہائش گاہوں کے کرائے اتنے زیادہ ہیں کہ اگر کوئی مناسب کرائے کا فلیٹ سامنے آئے تو اسے حاصل کرنے کیلئے سینکڑوں امیدوار سامنے آ جاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ دنوں پیش آیا، جب ایک فلیٹ کو دیکھنے کے لیے ایک ہی دن میں 1750 افراد موقع پر پہنچ گئے اور ہر کوئی اس میں رہائش کا خواہشمند ہے ۔اس فلیٹ کو ایک دن پہلے ہی کرائے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ شونبرگ ٹاؤن ہال میں 1950 کی دہائی کی ایک بلڈنگ کی تیسری منزل پر واقع اس فلیٹ میں 54 میٹر کی قابل استعمال جگہ ہے ۔ اس جگہ میں 2 کمرے اور ایک بالکونی شامل ہے ۔ اس فلیٹ کا کرایہ 550 یورو یا 610 ڈالر ماہانہ ہے ۔ اس کرائے میں اضافی اخراجات جیسے پانی اور ہیٹنگ کے اخراجات بھی شامل ہیں۔پراپرٹی منیجر رالف ہارمز نے جرمن رپورٹروں کو بتایا کہ انہیں بہت زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں تھی، جن میں سے 1800 افراد کو فلیٹ دیکھنے کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے پہلے سے کسی فلیٹ کے مالک یا بہت زیادہ آمدنی والے افراد کو فلیٹ دیکھنے کے لیے نہیں بلایا۔