نیویارک( ندیم منظور سلہری سے ) نیویارک کے علاقہ برانکس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے اوورسیز پاکستانیوں کے علاوہ سکھ کمیونٹی کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔ سکھ وفد کی قیادت ڈاکٹر امرجیت سنگھ کر رہے تھے ۔ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے اس موقع پر کہا مودی حکومت کشمیریوں کے ساتھ جس طرح حیوانوں جیسا سلوک روا رکھے ہوئے ہے اور دیدہ دلیری کے ساتھ ان کی نسل کشی کر رہی ہے امریکہ و دیگر عالمی طاقتوں کی خاموشی اور حقائق سے پردہ پوشی اس کا بین ثبوت ہے کہ بڑی طاقتوں کی اندرون خانہ ایما پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا سکھوں اور کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ دنیا دیکھے گی بھارت کے اسی طرح ٹکڑے ہوں گے جس طرح سوویت یونین کے ہوئے تھے ۔زلفی بخاری نے اس موقع پر کہا عمران خان کی قیادت میں پوری قوم کشمیر کاز کیلئے متحد ہے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارت اپنی بربادی کا سامان خود پیدا کر رہا ہے ۔ انہوں نے سکھ وفد کو یقین دلایا کہ کرتارپور راہداری کھولنے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ مودی حکومت ایسا نہیں چاہتی، وہ ہر اچھے کام میں روڑے اٹکا رہی ہے ۔اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سکھ اور پاکستانی ملکر امریکہ میں مشترکہ کوششیں کریں گے اور مودی حکومت کے غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔