لاہور(قاضی ندیم اقبال)کرتار پور راہداری کے افتتاح کے حوالے سے وزارت داخلہ ،حکومت پنجاب اور متعلقہ ضلعی حکومتوں نے معاملات کو حتمی شکل دے دی ۔9نومبر کو افتتاحی تقریب میں حکومت پاکستان سابق ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو،بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی اوران کی کابینہ ، انگلینڈ اور کینیڈا کے سکھ وزرا سمیت ساڑھے 10ہزار افراد کی میزبانی کرے گی۔ 8ہزار کا تعلق صرف بھارت سے ہو گا۔رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کر دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ایف ڈبلیو او نے 80کروڑ روپے ڈپٹی کمشنر نارووال کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دئیے ۔ یہ رقم کرتار پور راہداری کے لئے خریدی جانے والی 1400ایکڑ اراضی کے مالکان کو ادا کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق راہداری کی افتتاحی تقریب سے قبل نگر کیرتن کے دو جلوس ننکانہ صاحب پہنچیں گے ، پہلا جلوس اندرون سندھ سے 13اکتوبر کو ننکانہ صاحب جبکہ دوسرا جلوس نئی دہلی سے 29 اکتوبر کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 3گروپس سمیت صرف بھارت سے سکھوں کے 23گروپس کو ویزہ جاری کرنے کی ہدایات پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کو جاری کر دی گئی ہیں۔ 3ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو پروٹوکول کے تحت جبکہ امریکہ، کینیڈا، یورپ، برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 500سکھ یاتریوں کو سیاحتی ویزے جاری کئے جائیں گے ، 5ہزار یاتری پاسپورٹس جمع کرانے کے بعد راہداری کارڈ کے ذریعے تقریب میں شریک ہوں گے ۔ اندرون ملک سے بھی 500سکھ یاتریوں کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں پاکستان میں تعینات سفیروں ، قونصلیٹ، ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔