اسلام آباد،لاہور(وقائع نگا رخصوصی،نمائندہ خصوصی سے )کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرہ کے پیش نظروفاق اورپنجاب میں سرکاری دفاتر کے اوقات کار عارضی طور پر تبدیل کردیئے گئے ۔گزشتہ روزاسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی حکومت کے تحت دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کئے ،نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دفاتر پیر تا جمعرات 6 گھنٹے کھلیں گے ،اوقات کار صبح 10تاسہ پہر 4 بجے ہونگے ۔جمہ کواوقات کار صبح 10 تا ایک بجے دوپہر ہونگے ، یہ اوقات کار 7اپریل تک نافذالعمل ہونگے ۔علاوہ ازیں پنجاب میں سیکشن آفیسر (ویلفیئر ون) ایس اینڈ جی اے ڈی سلمان اکبر وڑائچ نے چیف سیکرٹری کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق کرونا کے پیش نظر نہایت اہمیت کے حامل کھلے سرکاری دفاتر 7اپریل تک نئے اوقات کار کے مطابق کام کرینگے ۔صوبائی دفاتر پیر سے جمعرات تک صبح 10بجے سے سہ پہر 4بجے تک ،جبکہ جمعہ کو صبح10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلیں گے ۔دریں اثنا پنجاب میں سرکاری ملازمین کو کرونا کی وبا سے بچانے کیلئے ویڈیو لنک اجلاسوں کی شرح میں اضافہ ہو گیا۔گزشتہ روزچیف سیکرٹری پنجاب نے مختلف معاملات پر انتظامی سیکرٹریز کیساتھ ساتھ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کیساتھ ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس کئے اور ان سے مشاورت کرنے کے علاوہ مختلف حوالوں سے احکامات بھی جاری کئے ۔