لاہور(حافظ فیض احمد) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کا بڑا اقدام،ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس نے کرپشن کے میگا سکینڈل کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لینے کے لیے ڈائریکٹر ویجی لینس سیل اینٹی کرپشن پنجاب عبدالسلام عارف کی سربراہی میں ایپکس انویسٹی گیشن ریویو ٹیم تشکیل دے دی، دیگر ارکان میں ڈائریکٹر لیگل،ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق ایپکس انویسٹی گیشن ریویو ٹیم روزانہ کی بنیاد پر تفتیشی افسروں سے کرپشن کے میگا سکینڈل کے حوالے سے رپورٹ لے گی جس کے بعد ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جائے گی جس کا مقصد سکینڈل کی تحقیقات کو جلد ازجلد نمٹانا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں اس وقت سرکاری اراضی قبضہ گروپوں سے واگزار کرانے ،غیر قانونی پٹرول پمپس،آٹا سکینڈلز،واسا،ایل ڈی اے ،غیر قانونی کمرشل عمارتوں کی تعمیر اور دیگر محکموں میں کرپشن کے حوالے سے متعدد انکوائریوں اور کیسز پر تحقیقات کی جارہی ہیں جس کے لیے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے مذکورہ سکینڈلز کو جلد نمٹانے کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن کے 4اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈائریکٹرز کانفرنس میں بھی پنجاب بھر کے تمام ڈائریکٹرز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں کہ جن سرکاری افسران اور ملازمین کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات درج ہیں ان کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کریں اور گرفتا ر کرکے ان کے چالان مکمل کر یں ۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور سینکڑوں پٹرول پمپوں کو سیل بھی کیا گیا ہے ، اسی طرح سابقہ دور حکومت میں مختلف اوقات کے دوران سرکاری زمین اونے پونے داموں لینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔