تہران (نیٹ نیوز)ایرانی عدالت نے صدر حسن روحانی کے سابق نمائندہ خصوصی اور بھائی کو کرپشن کیس میں 5 سال قید کی سزا سنادی۔عدالت نے حسین فریدون کو جیل بھیج دیا۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں حکومتی حمایتی ایرانی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حسین فریدون کو دیگر الزامات کے تحت مزید سزا ملنے کا امکان ہے ۔ایرانی عدالت نے ابتدائی طور پر رواں برس مئی میں حسن روحانی کے بھائی کو کرپشن کیسز میں سزا سنائی تھی لیکن اس وقت سزا کا دورانیہ نہیں بتایا گیا تھا۔اس سزا سے قبل بھی حسن روحانی کے بھائی کو 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں ایک دن جیل میں رکھنے کے بعد آزاد کیا گیا تھا۔حسین فریدون ایرانی صدر کے انتہائی قریب رہے ہیں اور یہ خیال بھی کیا جاتا ہے کہ ایران کی جانب سے 2015 میں مغربی ممالک سے نیوکلیئر مذاکرات میں ان کا اہم کردار رہا ہے ۔