کراچی (سٹاف رپورٹر) کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ اوروفاقی حساس ادارے کی موسمیات چورنگی پر کارروائی کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم کو گرفتارکرکے دستی بم، فنڈبک اوردیگرسامان برآمد کرلیا،ملزم نے مفتی نظام الدین شامزئی،مفتی جمیل ، غیرملکی باشندے کے قتل سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کااعتراف کیا ہے ۔ سی ٹی ڈی (ایس ٹی آئی جی )کے انچارج محمد سروراعوان اور وفاقی حساس ادارے کے اہلکاروں نے موسمیات چورنگی مین یونیورسٹی روڈ پرکارروائی کرتے ہوئے مذہبی دہشت گردی میں ملوث ملزم سید سلیم حیدرزیدی عرف سلیم بھائی عرف رحمان عرف رجب ولد سید آغا زید ی کوگرفتارکرکے ایک دستی بم اور کالعدم تنظیم کی فنڈنگ بک،رسیدیں اورنقدی برآمد کرلی،پولیس کے مطابق گرفتاردہشت گرد کا نام ریڈ بک کے صفحہ نمبر 122 پر درج ہے ،ملزم نے پارہ چنارسے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی،ملزم بم بنانے کا بھی ماہرہے ،ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیاکہ 1994 میں عزیزبھٹی کے علاقے میں سوئزرلینڈ کے باشندے کو قتل کیا،1995 میں صدیق اکبرمسجد پردستی بم پھینکا،2001 میں پرانی سبزی منڈی پرمکینک بختیارکو قتل کیا،2004 میں جمشید کوارٹرمیں مفتی نظام الدین شامزئی اوراسی برس مفتی جمیل کو شہید کیا۔سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق ملزم نے لاہورکے ایک دھماکے جس میں مولاناضیائالرحمان فاروقی جاں بحق ہوئے اورملتان کنونشن میں بلاسٹ میں بھی مدد کی،ملزم اب بھی کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا تھا، ملزم کی نشاندہی پراسکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی جارہی ہے ۔