لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کریگی، اپنی ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا سری لنکا کرکٹ بورڈ کی صوابدیدی ہے ، دوسری جانب سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپنے سینئر اور جونیئر تیس متوقع کھلاڑیوں کے ساتھ رائے طلب کرنے کے بعد سکواڈ بنا لئے ہیں جن کی منظوری وزیر کھیل سے ملنے کے بعد اعلان کیا جائے گا، لنکن بورڈ کے مطابق ملنگا سمیت دس کھلاڑیوں نے دورہ کرنے سے معذرت کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی ترجمان نے ایک دفعہ پھر تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان پہنچے گی اور کراچی اور لاہور میں میچ کھیلے گی۔ پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق سری لنکن ٹیم 27ستمبر سے شروع ہو نے والے دورہ میں کراچی میں تین ایک روزہ میچ جبکہ لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق دورہ کے لئے تمام تر تیاریاں جاری ہیں اور پاک سری لنکا سیریز احسن طریقہ سے منعقد ہو گی۔ دوسری جانب سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مطابق انہوں نے اپنے تیس کھلاڑیوں کے ساتھ اجلاس کیا جس میں ان سے دورہ پاکستان بارے مشاورت کی گئی۔ سری لنکا بورڈ کے مطابق انہوں نے دورہ بارے کھلاڑیوں کو پالیسی بتائی کہ دورہ بارے جانے یا نہ جانے کی کھلاڑیوں کی اپنی صوابدید ہے ۔ اجلاس مین دس کھلاڑیوں نے دورہ سے معذرت کی۔ ان کھلاڑیوں میں ٹی ٹوئنٹی کپتان لاسیتھ ملنگا، ایک روزہ ٹیم کے کپتان اینجلو میٹھیوز کے علاوہ نیروشان ڈکویلا، کوشل پریرا، دھنجایا ڈسلوا، تھسیرا پریرا ،اکیلا دھننجایا، سرنگا لکمل، دنیش چندیمال، دیمتھ کرونا رتنے شامل ہیں۔ اجلاس کے بعد سری لنکا کے چیف سلیکٹر اسنتھا ڈی میل نے دیگر سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعدٹی ٹونٹی اور ایک روزہ سکواد تشکیل دے کر منطوری کے لئے اپنے وزیر کھیل ہارین فرنینڈو کو بھیج دئے ہیں جن کی منظوری کے بعد ٹیموں کا اعلان کیا جائیگا۔ اجلاس میں نئے کپتانوں کا بھی اعلان کیا گیا،لا ہیروتھریمانے ٹی 20 اورداسون شناکاون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے ۔دوسری جانب پاکستان ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ بھی پاکستان ٹیم کے سکواڈ کا اعلان بارہ ستمبر کو کریں گے جس کے بعد مختصر کیمپ ہو گا اور کھلاڑی 27ستمبر سے شرو ع ہونے والی ایک روزہ سیریز میں شرکت کریں گے ۔ پی سی بی نے فی الوقت تمام کھلاڑیوں کو ہدائت کی ہے کہ وہ قائد اعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں اپنی اپنی ٹیموں کی جانب سے حصہ لیں۔