ہیوسٹن(این این آئی)امریکی خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ کسی بھی مذہب کی عبادت گاہ پر حملہ قابل مذمت ہے ، دنیا کے مختلف ممالک میں عبادت گاہوں پر حملوں کے بعد آج ہم سب کو مل کر اس عزم کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم امن واتحاد کی شناخت رکھنے والے امریکہ میں شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور نفرت اور تفریق اور دہشت گردی کے خلاف یک آواز ہوں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افطار ڈنر سے خطاب میں شیلا جیکسن نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحاد سے ثابت کرنا ہے کہ امریکہ میں نفرت وتفریق اور دہشت گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے بلکہ امریکی عوام قانون کی بالادستی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور امریکی معاشرے میں رنگ ونسل اور مذہب کی بنیاد پر کسی کو بالادستی حاصل نہیں ہے ۔رکن کانگریس ایل گرین نے کہا کہ تمام مذاہب عظیم ہیں اور ہم اس بات کی اجازت ہرگز نہیں دینگے کہ کسی مذہب خصوصاً عظیم مذہب اسلام کو شبہ کی نگاہ سے دیکھا جائے اور اس کے ماننے والوں سے تفریق برتی جائے ۔