لاہور،گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر پر حکمرانوں کے بزدلانہ ، معذرت خواہانہ رویے نے عوام کو احتجاج پر مجبور کردیاہے ، عوام حکمرانوں کے خلاف ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ، ان نااہل حکمرانوں میں یہ صلاحیت نہیں کہ طرز حکمرانی بدل سکیں ، یہ حکومت آئی نہیں لائی گئی ہے ، اب تو بچہ بچہ جان گیاہے کہ یہ عوام کی منتخب حکومت نہیں ،ہم اپوزیشن کا حصہ نہیں بلکہ اصل اپوزیشن ہیں ، سابقہ اور موجودہ حکومتیں اسٹیٹس کو کی پیداوار اور محافظ ہیں ، کشمیریوں کی دعائیں اب بد دعائوں میں بدل چکی ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں کارخیر تنظیم کے زیراہتمام تقریب تقسیم انعامات سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکومت سب کا ایک ہی ایجنڈا ہے ، تمام ملکی مسائل کی ذمہ دار یہی پارٹیاں ہیں ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، کرپشن ، لوٹ کھسوٹ ، غربت ، جہالت اور بدامنی انہی لوگوں کے کارنامے ہیں ،کشمیر کو اپنی شہ رگ قرار دینے والوں نے ہمیشہ کشمیریوں سے بے وفائی کی ، آج حکومت جس پریشانی سے دوچار اور شہر اقتدار میں محصور ہے یہ کشمیریوں کی بد دعائوں کی ہی نتیجہ ہے ۔