لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں جدوجہدآزادی تاریخی موڑ لے چکی ،دنیااب کشمیر کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔وزیراعظم نے کشمیر ایشو پرنریندر مودی کو بولڈ کردیا۔بھارت کیسا ملک ہے جہاں انسان مارے اورگائے کی پوجاکی جاتی ہے ۔علاوہ ازیں عمرہ سے واپسی پر وزیراعلیٰ نے کچھ دیر دبئی ائیرپورٹ پر قیام کیا جہاں پر معاون خصوصی برائے کھیل ملک عمر فاروق نے استقبال کیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کے نوٹس پر بھکر میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی میں ملوث 2ملزموں کو گرفتارکرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی پی او بھکر نے متاثرہ خاندان کے گھر جاکرطالبہ اوراس کے والد سے ملاقات کی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے احمد پور شرقیہ کے علاقے میں مبینہ زیادتی کے بعد 8سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او بہاولپورسے رپورٹ طلب کرلی ۔دریں اثناء پولیس نے 6ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 2ملزم گرفتار کرلئے ہیں جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔بعدازاں انہوں نے نواب آف کالاباغ ملک ادریس خان کے انتقال پرتعزیت کا اظہارکیا اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔دوسری طرف وزیراعلیٰ نے چونیاں کے علاقے سے بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ۔وزیراعلیٰ نے مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی او رافسوس کا اظہار کیا ہے ۔