کراچی(صباح نیوز)چیئرمین پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی )مصطفی کمال نے کہا ہے کشمیر کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں کیونکہ یہ ایک قومی معاملہ ہے تاہم وزیر اعظم کو مسئلہ کشمیرپر اخلاقیات سے آگے نکل کر سوچنا چاہئے ، وزیر اعظم یہ نہ کہیں کہ جنگ کوئی راستہ نہیں۔پی ایس پی ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں کشمیر کا تین روزہ دورہ کر کے آیا ہوں، آزاد کشمیر کے صدر اور دیگر جماعتوں کے نمائندگان سے ہماری ملاقات ہوئی، کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ انڈیا صرف ہمیں یرغمال نہیں بنانا چاہتا بلکہ ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کو ختم کر کے پاکستان کی جانب بڑھنا چاہتا ہے ۔