لاہور،اسلام آباد، پشاور ،کوئٹہ،کراچی، نئی دہلی ،نیویارک ( جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ، خبر نگار خصوصی، خبرنگار ، سٹاف رپورٹر ، نمائندگان،92 نیوز رپورٹ،نیوز ایجنسیاں ) ملک میں کورونا سے اموات کی تعد 19 ہزارسے تجاوز کرگئی۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید113 افرادجاں بحق ،3084 متاثر ہوگئے ۔ مجموعی اموات 19106 جبکہ متاثرین 864557 ہو گئے ،مزید4387 مریض صحتیاب ،فعال کیس78959 ہوگئے ، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران38883ٹیسٹ کیے گئے ۔ خیبر پختونخوا میں 24 ہلاکتیں ،413 مثبت کیس،بلوچستان میں 2افراد جاں بحق ، 121نئے کیس ،سندھ میں 12اموات ، 812مزید متاثر ہوگئے ۔پنجاب میں 67 اموات جبکہ 1486 کیس رپورٹ ہوئے ،کورونا مثبت آنے کی شرح 9 فیصد تک رہ گئی ۔ لاہور میں مزید 43مریض چل بسے جبکہ 704مثبت کیس سامنے آگئے ۔پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی جاوید اقبال وڑائچ بھی متاثر ہوگئے ۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں4903جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے مختص985 بیڈخالی ہیں۔پنجاب میں بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ کو دی گئی چھوٹ ختم ہو گئی، رمضان بازار بھی بند ہو گئے ۔ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر مختلف شہروں میں کئی افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے گئے ۔ لاہور میں آرمی،رینجرز اور پولیس کے دستوں نے فلیگ مارچ کیا ۔ کمشنر و سی سی پی او نے لاک ڈائون پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ کمشنر آفس کے مطابق گشت کے دوران لاک ڈائون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں بھی کی گئیں۔ چونگی امر سندھو بازار میں درجن سے زائد دکانوں کو سیل کر دیا،12 دکانداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ونیکے تارڑ میں40 دکانیں، ملتان میں 26 کاروباری مراکز ، دو ریسٹورنٹس سیل کر دیئے گئے ،چارسدہ میں پولیس کے ڈر سے کئی دکاندار پلازہ کی تیسری منزل سے کود گئے ۔بلوچستان کے تاجرو ں نے کوئٹہ میں احتجاج کرتے ہوئے آج دکانیں کھولنے کی دھمکی دیدی۔ وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی او کے اجلاس میں عیدالفطر کی نماز کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں۔این سی اوسی کے مطابق عید اجتماعات کاانعقاد کھلے مقامات پرایس اوپیز کیساتھ کیا جائے ،مسجدمیں نمازکی صورت میں دورازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں،عید کاخطبہ مختصر اورنماز کاوقت کم رکھا جائے ،بیمار،بوڑھے افراداور15سال سے کم عمرافراد عیدگاہ جانے سے پرہیز کریں،مساجد اورعیدگاہ کے اضافی راستے رکھے جائیں،شہری وضو گھر سے اورجائے نمازساتھ لائیں،نماز سے پہلے اوربعدمیں مجمع نہ لگائیں،ماسک کااستعمال اورسماجی فاصلہ یقینی بنایاجائے ،مساجد میں سینی ٹائزراورتھرمل سکینرکا استعمال یقینی بنایا جائے ،ہاتھ یاگلے ملنے سے پرہیزکیا جائے ،مساجد کے باہرایس اوپیزسے متعلق آگاہی بینرزلگائے جائیں۔ادھر دنیا بھر میں ہلاکتیں 33.26لاکھ جبکہ متاثرین 16.01کروڑ سے بڑھ گئے ۔بھارت میں مزید 348501 کیس جبکہ 4200 ہلاکتیں ہوئیں۔ ڈبلیو ایچ او نے کورونا کی نئی بھارتی قسم کو زیادہ خطرناک قرار دیدیا۔آکسیجن کی قلت کے سبب آندھرا پردیش کے شہر تروپتی کے سرکاری ہسپتال کے آئی سی یومیں 11جبکہ حیدر آباد کے کنگ کوٹھی ہسپتال میں 7 مریض ہلاک ہوگئے ۔نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار و ہدایت کار مادمپو کنجکٹن کورونا کے باعث چل بسے ۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی کزن میرا چوپڑا نے 2 کزنز کے کورونا سے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ۔بھارتی سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے 108اہلکار ہلاک ہو گئے ۔بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق سات فورسز کے 271 اہلکار ہلاک ہوچکے ۔ ایک دن میں 763 اہلکار وائرس کا شکار ہوئے ، کل 71295 اہلکار متاثر ہیں۔انڈین ریلوے کے تقریباً ایک لاکھ ملازمین کورونا کا شکار ہو گئے ۔ایک ماہ میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے 50 سے زائد صحافی ہلاک ہوچکے ۔انڈیا میں بلیک فنگس انفیکشن کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کو اپاہج بنا نے لگا۔آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں 2 ماہ بعد کورونا کیس سامنے آنے پر الرٹ جاری کردیا گیا ۔امریکی ادارے ایف ڈی اے نے فائزر بائیو این ٹیک ویکسین 12 سے 15 برس کے نوجوانوں کو لگانے کی اجازت دیدی۔برطانیہ میں پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کورونا الرٹ لیول کو 4 سے 3 کردیا گیا ۔ریسٹورنٹ، سینما، میوزیم، سافٹ پلے ایریا کھولدیے جائیں گے ۔ شادی، جنازے یا کسی تقریب میں30 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔سیکنڈری سکول اور کالجز کے طلبہ کا کلاس میں ماسک پہننا ضروری نہیں ہوگا۔21 جون سے سماجی دوری کی پابندی بھی ختم کردی جائے گی۔بلجیم نے 9 جون سے پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کیا ہے ۔ کویت نے بھی پاکستان، نیپال، بنگلہ دیش اورسری لنکا سے مسافرپروازوں کی آمد پر پابندی لگا دی۔ سعودی عرب میں ویکسین لگائے بغیر آنے والے غیر ملکیوں کو قرنطینہ کے اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے ۔امارات اور بحرین نے ویکسین لگوانے والے افراد کیلئے محفوظ سفری راہداری قائم کر دی ۔ویکسین لگوانے والے افراد عید کی چھٹیوں میں دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ سفر کرسکیں گے ۔کیمبرج میں ایسٹرا زینیکا کے ہیڈکوارٹر زکے باہر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ ہوگئی ۔ مظاہرین نے بینراٹھا رکھا تھا جس پر درج تھا ’ہم پبلک ویکسین کا مطالبہ کرتے ہیں‘۔مظاہرین نے دواساز کمپنی پر وباکے دوران ناجائز منافع خوری کا الزام عائد کیا۔ پولیس نے دو مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔