اسلام آباد(نامہ نگار)وزیرا عظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ وادی کے لوگوں کی مدد کیلئے پرجوش ہیں اورلائن آف کنٹرول عبور کرنے کیلئے نہ صرف بے تاب ہیں بلکہ حالیہ دنوں میں لائن آف کنٹرول عبور کرنے کی کوششیں بھی ہوئی ہیں۔اسلام آباد میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس کے بعدمیڈیاسے گفتگو میں وزیرا عظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول عبور کرتے ہوئے بھارتی فوج کی گولیوں سے آزاد کشمیر کے شہری شہید بھی ہوئے ۔راجہ فاروق حیدر کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں وادی میں جاری کرفیو کے بعد پیداشدہ صورتحال پر غور ہوا ۔ کشمیر کی صورتحال اور سرحد پار کرنے کیلئے بطور وزیراعظم میرے اوپر بہت دباؤ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا واحد وکیل ہے ،اس کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ دنیا میں پہلی مرتبہ ہندوستان کے موقف کو پذیرائی نہیں مل سکی ۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی قیادت کی آج مزید بڑی بیٹھک ہوگی جس میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی معاملے میں مشاورت کی جائے گی ۔