کراچی (کلچرل رپورٹر) پرُ سکون کراچی نے بچوں کے دو روزہ فیسٹیول ’’شہر فن‘‘ کاانعقاد کااعلان کیاگیاہے ۔ فیسٹیول 28اور 29ستمبر کومنعقد کیاجائیگا، جس میں 5سال سے پندرہ سال تک کے بچے شرکت کرسکتے ہیں ، فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سامنے لانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شعور و آگاہی کی جانب راغب کرنا ہے ، ’’پرُ سکون کراچی ‘‘ کی جانب سے ماضی میں کئی اہم اور کامیاب تقاریب کاانعقاد عمل میں آیا ہے جس میں سہہ روزہ ’’پرُ سکون فیسٹیول‘‘ بھی شامل ہے ، اس فیسٹیول کے ذریعے کراچی کی عوام کو ثقافتی سرگرمیوں کی جانب راغب کیاگیا۔ شہر فن کااہتمام فنکاروں ، ڈیزائنروں ، آرکیٹکٹس ، تعلیم یافتہ افراد ، مصنفین اور ڈرامہ سازوں کے ایک گروپ کی جانب سے کیاجارہاہے ، اس فیسٹیول کے شرکاء کو آرٹ و کرافٹ ، تھیٹر ، سائنسی ماحول ، ادب و کتب سمیت بہت سی چیزوں کے بارے میں سکھایاجائے گا۔