لاہور،ملتان (کامرس رپورٹر، سٹاف رپورٹر ) ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کی اشد ضرورت ہے ۔ زرعی ادویات کی قیمتوں اور کوالٹی کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق کپاس کی بحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ کپاس ملکی معیشت میں کلیدی حیثیت کی حامل ہے ۔ کپاس کے بغیر زرعی معیشت کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد، وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) پنجاب ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر جنرل (پیسٹ وارننگ) سید ظفر یاب حیدر،کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبداﷲ، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر، ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد، ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود، ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) کاٹن زون، نوید عصمت کاہلوں، محکمہ انہار، پی سی پی اے ، ایپٹماکے نمائندگان سمیت ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی۔