اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومت نے مارکیٹ ریٹ سے زائدقیمت پر ڈالر فروخت کرنیوالی ایکسچینج کمپنیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔روپے کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر، گورنر سٹیٹ بینک، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی آئی بی کے علاوہ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا وفد بھی شریک ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طے شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ مارکیٹ سے زائد ڈالر فروخت کرنے والی ایکس چینج کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ای کیپ کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ مقررہ ریٹ سے زیادہ پر کرنسی فروخت کرنے والی کمپنیوں کا ساتھ نہیں دے گی۔ اجلاس میں ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف مجوزہ کارروائی پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کی مارکیٹ قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے جبکہ قیمت فروخت 144 روپے ہے ، اسی طرح سعودی ریال کی قیمت خرید 38 روپے 20 پیسے جبکہ قیمت فروخت 38 روپے 35 پیسے ہے ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈھائی روپے بڑھنے کے بعد ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 146 روپے 25 پیسے پر پہنچا لیکن کاروبار کے اختتام پر پھر نیچے آگیا۔