کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلی اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات میں وسعت اور مزید بہتری کیلئے انکی کوششیں جاری ہیں،ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل عمران صدیقی اورکینیڈا میں یو بی جی کے چیئرمین نوید بخاری بھی پاکستان اور کینیڈا کے بزنس مینوں کو قریب لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں،اگر دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کو ایک دوسرے کے ممالک کے دورے میں آسانی مہیا کی جائے تو نہ صرف سرمایہ کار آگے بڑھیں گے بلکہ تجارتی نمائشوں کے ذریعہ دوطرفہ تجارت بھی بڑھے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرز Digreen Canada محسن اورابوبکر مسعود کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پرایم پی سلمی زاہد، نوید بخاری اور محبوب شیخ بھی موجود تھے ۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم پاکستانی مصنوعات کو کینیڈین مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے اورتجارت میں تیزی لانے کیلئے کام کررہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں کینیڈاکے ساتھ سفارتی،تجارتی تعلقات مزید بڑھنے کے قوی امکانات ہیں۔