لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا ہے کہ اگر حکومت فرنیچر کی صنعت کو سہولیات دے کر فروغ دے تو پاکستان ایک ارب ڈالر تک کے کا فرنیچر برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔3 روز ہ ’فرنیچر لیونگ ایکسپو ‘ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ، لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ برآمد پر مبنی فرنیچر انڈسٹری اور ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائے اور سہولت دی جانی چاہئے ۔صدرنے آرگنائزر ایونٹ ڈاکٹر نازش فیصل کو اپنی نوعیت کی ایسی عظیم نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی جو نہ صرف فرنیچر کی برآمدات کے امکانات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کررہی ہے بلکہ مقامی مارکیٹ کی بھی مدد کررہی ہے ۔ صدر نے بتایا کہ اس 3 روزہ ایکسپو میں تقریبا 50 اعلی برانڈز کے فرنیچر میکرز نے حصہ لیا ہے ۔ انہوں نے نمائش کنندگان کو ایکسپو میں شرکت کرنے اور ان کے بہترین فرنیچر آرٹیکلز کی نمائش کو بھی سراہا۔