لاہور(بابر علی ) میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کو شہر کے گلی محلوں میں بند سٹریٹ لائٹس کے مسائل حل کرنے کا خیال آہی گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس مرمت اور بحالی کے لئے 3 کروڑ 44 لاکھ روپے کے فنڈز خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کی جانب کی شہر میں خراب سٹریٹ لائٹس کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کے لئے چھ مختلف منسوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ بہاولپور ہاؤس سے ملحقہ علاقوں پر مشتمل سابقہ یوسی 83 میں 15لاکھ 80 ہزار روپے ، سمن آباد زون میں پی پی 151 میں 50لاکھ روپے ، این اے 129 میں 97 لاکھ 40 ہزار روپے ، پی پی 167 میں 99 لاکھ 92 ہزار روپے ، پی پی 158 میں 65 لاکھ 80 ہزار روپے کے منصوبوں کے تحت سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے ۔