اسلام آباد،راولپنڈی (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کیخلاف لڑائی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج چین کیساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے اہم ملاقات کی جس میں سی پیک پر پیشرفت اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔چینی سفیر نونگ رونگ نے خطے میں خاص طور پر امن عمل کیلئے پاکستان کے مخلصانہ اقدامات کو سراہا۔