لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ گراں فروشی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہوگا ۔انہوں نے ہدایت کی صوبے بھر میں 20کلوگرام آٹے کا تھیلا808اور چینی کی 70روپے فی کلو فروخت یقین بنائی جائے ،گھی کی قیمت بھی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آج طے کر لی جائے گی۔اسلم اقبال کی زیر صدارت ایوان وزیراعلی میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں پرائس کنٹرل میکانزم پر عملدرآمد،اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیاصوبائی وزیر زراعت نعمان اختر لنگڑیال،سیکرٹری صنعت وتجارت،کمشنر وڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے کمشنر ز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول میکانزم پر 100فیصد عملدرآمدکے لئے آخری حد تک جائیں گے ، سبزیوں،پھلوں اور روزہ مرہ استعمال کی اشیا کا آن لائن ہوم ڈلیوری کا پروگرام بنا لیا ہے ،آغاز لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد،راولپنڈی اور ملتان سے کیا جارہا ہے ، ماڈل بازاروں اور اتوار بازاروں میں کسانوں کو رسائی،رینٹ،فیس ختم اور دیگر سہولتیں دیں گے اور ضرورت پڑنے پر قیمتوں میں ردوبدل کے لئے ضلعی انتظامیہ محکمہ صنعت وتجارت کو سفارشات بھجوائے گی۔