اسلام آباد(نامہ نگار) گلوبل پارٹنرشپ برائے تعلیم نے پاکستان کیلئے تعلیمی فنڈ 100 ملین ڈالر سے بڑھاکر 125 ملین ڈالر کر دیا۔ یہ فیصلہ گذشتہ روز گلوبل پارٹنرشپ برائے تعلیم کے وفد کی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات میں کیا گیا۔وفد کی قیادت جی پی ای کی کنٹری لیڈرحوا ٹران رنگروز نے کی۔ ج پی ای کی کنٹری لیڈر حوا ٹران رنگروز نے پاکستان کیلئے تعلیمی فنڈبڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ یہ فنڈ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے استعمال ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فنڈ کے حصول کیلئے صوبے اپنے تجاویز اور کچھ شرائط پوری کر کے اس فنڈ کو حاصل کر سکتے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ جی پی ای کی طرف سے پاکستان کیلئے تعلیمی فنڈ میں اضافہ کرنا خوش آئند ہے ۔ جی پی ای فنڈز کو حاصل کرنے کیلئے تمام صوبے شرائط اور دستاویزات جلد سے جلد مکمل کر لیں گے ۔گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو بھی تعلیمی فنڈ میں حصہ ملنا چاہیے ۔اس سلسلے میں ہم آہنگی بڑھانے کیلئے مزید ملاقاتیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔