اسلام آباد، کوئٹہ(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے بلوچستان پر ہمارے دشمنوں کی نظر ہے ، ملک دشمن قوتوں کوانتشار پھیلانے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کوئٹہ کا دورہ کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے مچھ واقعہ کے متاثرہ خاندانوں اور ہزارہ برادری کے افراد سے خصوصی ملاقات کی اور کچھ وقت بھی ان کیساتھ گزارا۔اس موقع پر سانحہ مچھ کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔آرمی چیف نے شہدا کے لواحقین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔سانحہ مچھ کے ذمہ داروں کوکیفرکردار تک پہنچائیں گے ۔ آرمی چیف کو سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف کو پاک افغان ، پاک ایران بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی اور صوبے میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے گیریژن میں آفیسروں سے خطاب کیا اور بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے پیشہ وارانہ کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہا اہم محل وقوع کی وجہ سے بلوچستان پر ہمارے دشمنوں کی نظر ہے ۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے ۔ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے ۔ دشمن قوتوں کی تخریبی کارروائیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شدت پسند عناصر مذموم مقاصد کے حصول کیلئے بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ ہمیں قوم بن کر ملک دشمنوں اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔