تہران(آن لائن، نیٹ نیوز ) ایران کے شمال مغرب میں شدید زلزلے کے جس کے نتیجے میں 5افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ کئی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ 40گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ۔ا یران کے زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ 5.9شدت کا زلزلہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک بجکر 17 منٹ پر آیا۔زلزلے کا مرکز مشرقی آذربائیجان صوبے کے شہر تبریز میں 120 کلو میٹر جنوب مشرق میں تھا۔ زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آ ئے ۔زلزلے سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ۔ زلزلے کے بعد 4آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے ۔ حکام کے مطابق جانی و مالی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ صوبائی گورنر محمد رضا پورمحمدی کے مطابق زلزلے سے متاثرہ 41 دیہا ت میں ریسکیو کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔ دو دیہا ت ور ناکیش اور وَرزغان میں زیادہ نقصان ہوا۔ایمرجنسی سروسز کے مطابق زلزلے کے بعد 300سے زائد افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان میں سے چند کو علاج کے بعد فارغ کردیا گیا۔خوفناک زلزلے میں تقریباً 40 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 200 سے زائد مویشی بھی ہلاک ہوئے ۔تقریباً 100 زخمیوں کو ان کے تباہ شدہ گھروں کے ملبے سے نکالا گیا، ایمرجنسی ٹیموں نے 78 دیہاتوں میں ضروری امدادی سامان فراہم کیا جبکہ ورناکیش میں ایمرجنسی شیلٹر قائم کیا گیا ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے صوبائی دارالحکومت تبریز کے علاوہ راشت شہر میں بھی محسوس کئے گئے ۔