دبئی( سپورٹس ڈیسک) نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے مڈل آرڈ ر بلے باز بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ، فاسٹ بائولر محمد عباس ٹاپ 10گیند بازوں کی فہرست سے باہر ہوگئے ۔چوتھے ایشز ٹیسٹ میں 211اور82رنز بنانے والے آسٹریلین بلے باز سٹیو سمتھ نے 937پوائنٹس کے ساتھ اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کرلی ہے اور انہیں دوسرے نمبر پر موجود بھارتی کپتان ویرات کوہلی پر34پوائنٹس کی برتری حاصل ہے ۔میچ میں103رنز کے عوض7وکٹیں لینے والے پیٹ کمنز نے زیادہ بائولنگ پوائنٹس(914) لینے کا آسٹریلوی ریکارڈ برابر کردیا ہے ،اس سے قبل گلین میگراتھ نے بھی2001ء میں914پوائنٹس ہی حاصل کیے تھے ۔ کمنز دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقی فاسٹ بائولر کگیسو ربادا سے 63پوائنٹس آگے ہیں جبکہ جسپریت بمرا تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جوش ہیزل ووڈ بھی 4درجے ترقی پاکر12ویں سے 8ویں پوزیشن پر آگئے ہیں،پاکستان کے محمد عباس ایک درجے تنزلی کے بعد 11ویں پوزیشن پرچلے گئے ہیں ۔ترقی پانے والے دیگر بلے بازوں میں جوز بٹلر،روری برنزاور آسٹریلیوی کپتان ٹم پین شامل ہیں ، ڈیوڈ وارنر کی تنزلی کے بعد پاکستان کے بابر اعظم کیریئر کی بہترین 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔