اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،این این آئی )مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کیلئے آ ج یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش وجذبے سے منایا جائیگا ،وزیر اعظم عمران خان اظہار یک جہتی کیلئے بنائی جانے والی انسانی ہاتھوں کی زنجیر میں شامل ہونگے ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پراسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی ،یہ زنجیر آج سہ پہر تین بجے ایکسپریس وے چوک سے ڈی چوک تک بنائی جائے گی ۔ چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے کارکنان کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔سیف اﷲ خان نیازی نے کہاکہ پوری قوم یکجا ہو کر اہل کشمیر کو پیغام بھجوائے گی کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے ، انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے آگاہ کرینگے ، وہ دن دور نہیں جب اہل کشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کے اظہار کیلئے جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش وجذبے سے منایا جائے گا ۔ یوم یکجہتی کشمیرمنانے کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی موثر سفارت کاری کے باعث عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، کشمیریوں کی حمایت میں ریلیز،سیمیناراور جلوس کی صورت میں تقاریب بڑے کارآمد ثابت ہورہے ہیں۔