لاہور(وقائع نگار) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ہم نے یونیورسٹیز کو سیاسی مداخلت سے پاک کردیا ہے ، یونیورسٹیز میں آئین وقانون اور میرٹ کی حکمرانی یقینی بنا رہے ہیں۔میرٹ اور آئین وقانون سے ہٹ کر کام کر نیوالے وائس چانسلرز سمیت کسی کو معافی نہیں دی جائیگی،ہم انشا اﷲ یونیورسٹیز کو عالمی معیار کے مطابق لیکر جائیں گے ۔ وہ پنجاب کی مختلف یونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والی خواتین پروفیسرزکے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم نے اپنی آنیوالی نسلوں کو ایک روشن اور خوشحال پاکستان دینا ہے جسکے لیے ضروری ہے کہ یونیورسٹیز سمیت تمام ادورں کو مضبوط کر نے کے ساتھ ساتھ ان سے سیاسی مداخلت کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جائیگا۔دریں اثنا عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ظلم کے سامنے ڈٹ جانے ، حق اور سچ پر اپنا سب کچھ قربان کردینا حضرت امام حسین ؓکی زندگی کا بنیادی مقصد اور اصولی فیصلہ تھا۔گورنرپنجاب نے کہا کہ واقعہء کربلا تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ تاریخ انسانی کا درخشندہ باب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حق اور باطل، اسلام اور کفر کی معرکہ ارائی روز اول سے جاری ہے اور روز آخر تک جاری رہے گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عاشورہ جہاں ہمیں جاں نثارانہ کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے وہیں ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ ابتلا اور آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خدائے بزرگ و برتر کے حضور سْرخرو ہوا جا سکتا ہے ۔