لاہور(انور حسین سمرائ) وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت سے یونیورسٹی کی سطح پر روحانیت کی ڈگری کی تعلیم شروع کرانے کیلئے قابل عمل تجاویز مانگ لی ہیں، ایوان وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو دو ہفتے میں تجاویز دینے کی ہدایات کی ہے ۔ وفاقی حکومت کو روحانی تعلیمات کے سکالرز ، شخصیات کی کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے اکتوبر کے آخری ہفتے میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ملک بھر کی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں روحانی تعلیمات متعارف کرانے پر باریک بینی سے غور کیا گیا تھا۔ وفاق کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وزیر اعظم نے چکوال میں یونیورسٹی کے افتتاح کے موقع پر روحانیت کی تعلیم کی پروموشن کیلئے اعلان کیا تھا جس پر عملی طور پر کام شروع کیا جارہا ہے ، وزیر اعظم روحانی تعلیمات سے بہت زیادہ متاثر ہیں اور ایک اعلیٰ شخصیت کی خواہش بھی ہے کہ نوجوان نسل کو روحانیت کی تعلیم دیکر معاشرے کی برائیوں اور قباحتوں سے بچایا جاسکتا ہے جس کیلئے حکومت عملی اقدامات پر غور کررہی ہے ، کمیٹی ڈگری کورس کی سفارشات بھی دی گی جس میں بر صغیر کے صوفیااکرام ؒ کی تعلیمات کو شامل کیا جائیگا ۔