اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ وزیراعظم سے پانچ بنیاد اشیا ء پر ریلیف دینے پر بات ہوئی،پیر تک 6 ارب روپے یوٹیلیٹی سٹورز کو ٹرانسفر ہو جائیں گے ، دو لاکھ ٹن گندم وزارت فوڈ سکیورٹی دے گی،آٹے کی قیمت کو 830 روپے تک رکھنے کے خواہاں ہیں،آٹے کی قیمت مارکیٹ میں 900 سے تجاوز کر گئی ہے ،ہم پانچ ہزار فرنچائز کھولنے کیلئے کام کر رہے ہیں، کسی ملازم کو فارغ نہیں کر رہے ،سٹورز کو بند کرنے کے بجائے ضم کر رہے ہیں،یونین والے کارپوریشن کے خلاف منفی تاثر پھیلا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے ایم ڈی عمر لودھی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز نے کہا پیکج کے بعد چینی کی قیمت 71 روپے فی کلو تک ہو جائے گی،ہم اپنے وسائل پر چل رہے ہیں،سٹورز کو ضم کرنا کارپوریشن کی مجبوری ہے ۔چیئرمین یوٹیلیٹی سٹورز نے کہا ہم غریب افراد کیلئے سہولت کارڈ کا اجراء کرنے جارہے ہیں،سہولت کارڈ نادرا اور این آئی ٹی بی کے ساتھ مل کر دیں گے ،سہولت کارڈ کم آمدن والے افراد کیلئے ہوگا۔ ادھر چیئرمین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن یونین سیدعارف حسین شاہ نے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو چھ ارب روپے دینے کا خیر مقدم کیا ہے ۔