لاہور(اپنے رپورٹر سے )کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ یو سی 242 میں ڈرینز کی ڈی سلٹنگ فوری کرائی جائے ۔ اس علاقہ کی ڈرینز کے ایک طرف واسا ، ایل ڈبلیو ایم سی اور دوسری طرف والٹن بورڈ صفائی کا ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واسا اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی مشترکہ ٹیم آج ہی دورہ کر کے کام کا تعین کرے ۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ چونگی امر سدھو کے گرد تجاوزات اور نجی اتوار بازاروں کو ختم کیا جائے وہ ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات پر لیڈ ضلعی انتظامیہ کر رہی ہے ، باقی ادارے ان سے تعاون کریں۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کئی علاقوں کی ڈرینز کا اہم ترین مسئلہ یہ ہے کہ ان کا فائنل ڈسپوزل سٹیشن موجو د نہیں ہے ۔ اجلاس میں ایم پی اے اسد کھوکھر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تنویر وڑائچ، اے سی ماڈل ٹاون ذیشان رانجھا، سی او ایم سی ایل مسعود تمنا، اے ڈی ڈویلپمنٹ امجد چودھری اور واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، والٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے شرکت کی۔