لاہور (نامہ نگارخصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے سالہاسال سے ترقی کے منتظر لاہور ہائیکورٹ ملازمین کی سن لی اور مزید 56 آفس کوآرڈینٹرز کی ترقی کے احکامات جاری کردیئے ۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نے سالہاسال سے ترقی کے منتظر لاہور ہائیکورٹ کے ملازمین کی پروموشن کے دروازے کھول دیئے ۔ دو دنوں میں 100 کے قریب ملازمین کی ترقی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ گزشتہ روز 47 سینئر آفس کوآرڈینٹرز کو ایڈمن آفس کوآرڈینٹرز کے عہدوں پر ترقی دینے کے احکامات جاری کئے گئے تھے ، اسی تسلسل میں 56 آفس کوآرڈینٹرز کو سینئر آفس کوآڈنیٹر کے عہدے پر ترقی دینے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مزید 35 آفس کوآرڈینٹرز کو بھی سینئر آفس کواڈنیٹر کے عہدے ترقی کے لئے اہل قرار دیا گیا، سینئر آفس کوآرڈینٹرز کی اسامیاں خالی ہونے پر میرٹ کے مطابق خودکار سسٹم کے تحت ترقی کے احکامات جاری ہونگے ۔ چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان کے اقدامات کی بدولت لاہور ہائیکورٹ کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔