لاہور (کر ائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ ڈولفن فورس شاہراہوں پر پٹرولنگ اور سنائپ چیکنگ کے دوران جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنائیں جبکہ ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں میں ملوث کریمنلز کے خاکوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ڈولفن اہلکار سنائپ چیکنگ کریں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ڈولفن کی ویجیلینس ٹیمیں اپنا کردار مزید موثر طور پر ادا کرتے ہوئے شاہراہو ں پر پٹرولنگ ٹیموں کو مانیٹر کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ دوران پٹرولنگ اور چیکنگ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرم گفتاری کے ساتھ پیش آیا جائے اور پٹرولنگ ٹیموں کے منتخب کردہ صرف ٹیم لیڈر سنائپ چیکنگ کے دوران شہریوں کے ساتھ بات چیت کریں جبکہ بلاوجہ کسی شہری یا فیملی کو چیکنگ کے نام پر ہر گز نہ روکاجائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔