نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں ) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان کا امن کی جانب ارتقائی سفر شاندار ہے ، دہشتگردی کیخلاف اس کی کارکردگی متاثر کُن ہے ۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں بہت سے ممالک کے بارڈرز ابھی بند ہیں لیکن پاکستان نے اپنی سرحد یں اور عوام نے اپنے دل اور گھر کھولے ہیں،پاکستان کی کھلی سرحدیں اور عوام کے کھلے دل خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں، تمام مذاہب ہمیں امن کیلئے متحد کرتے ہیں، کرتار پور کوریڈور پاکستان کی طرف سے مذہبی ہم آہنگی کا پیغام ہے ۔ امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں پاکستان آرمی اور اس خطے کے لوگوں سے بے حد متاثر ہوں، پاک آرمی اس خطے کے حالات کو بہتر بنانے کیلئے ہر دم کوشاں ہے ، پاکستان آرمی اور خطے کے لوگوں نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ان کامیابیوں کو بھلایا نہیں کیا جا سکتا۔امریکی سینیٹر شیلڈن نے بھی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ میں ایک پرامن جنوبی وزیرستان جا سکوں گا،پاک آرمی کو اس کامیابی پر مُبارکباد دیتا ہوں۔جنرل سر نکولس کارٹر نے کہا دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں قابل قدر ہیں ، پاکستان آرمی کی اس خطے میں کاوشوں اور کامیابیوں کے بارے میں بہت سنا ہے ۔ وزیرستان کو دہشت گردی سے کلیئر کے کے ہولڈ کرنا پاکستان آرمی کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔