لاہور(نمائندہ خصوصی سے ، کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاملات طے پانا ملک وقوم کے لیے خوش آئند ہے ۔سمجھوتے کی بدولت چند دنوں سے پائی جانے والی مخدوش صورتحال کا خاتمہ ہوا ہے ۔عوام کو آمدورفت اور نقل و حمل کے حوالے سے موجود شدید مشکلات ختم ہوئی ہیں۔ختم نبوت پر پختہ عقیدے کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا۔وزیراعظم عمران خان واحد سربراہ جنہوں نے توہین رسالت کا مسئلہ پہلے بھی موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عقیدہء ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ٹی ایل پی کے ساتھ سمجھوتہ طے پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ جو فیصلے ہوئے ، ان پر فریقین ہر ممکن عملدرآمد یقینی بنائیں گے ۔ایسے مشکل حالات میں اپوزیشن کا سیاست چمکانا ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے ۔