نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی سپریم کورٹ بابری مسجد کیس کا فیصلہ آج سنائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے 16اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا،بھارت کے مختلف شہروں میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے ، فیصلہ سنانے سے قبل سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارتی حکام نے سکولوں میں بھی جیلیں قائم کردی۔ بھارتی وزیراعظم مودی نے کہا کہ بابری مسجد کیس کا فیصلہ کسی شخص کی فتح یا ناکامی نہیں ہونا چاہیئے ، ہمیں ہر صورت ہم آہنگی کو برقرار رکھنا چاہیئے ،پرامن رہا جائے ،اترپردیش میں پولیس نے 500 افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔پولیس سربراہ او پی سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قیمت پر امن و امان قائم رکھا جائیگا۔ ریاست اترپردیش میں آج سکول، کالج سمیت تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔ جبکہ مرکزی حکومت نے 4 ہزار نیم فوجی دستے اترپردیش بھجوادیئے ہیں۔ریلوے پولیس نے اپنی فورس کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے 78 حساس اور بڑے اسٹیشنز پر سکیورٹی بڑھادی ہے ۔