لاہور(سپورٹس رپورٹر) فاسٹ باؤلر ارشد اقبال نے قومی ٹیم کی نمائندگی کو ہدف بنالیا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے آغاز سے قبل لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا تھا کہ گزشتہ 12 ماہ میں قومی سطح پر کسی فاسٹ باؤلر میں سب سے زیادہ بہتری آئی ہے تو وہ ارشد اقبال ہے ۔ارشد اقبال کا کہنا ہے کہ وسیم بھائی اور عامر بھائی دونوں ہی عظیم کھلاڑی ہیں، وسیم بھائی ایک مایہ نازفاسٹ باؤلر تھے اور میں یو ٹیوب پران کی باؤلنگ کی ویڈیوز دیکھ چکا ہوں، ان کی نصیحتیں میرے لیے کسی بھی خزانے سے کم نہیں ہیں۔ارشد اقبال نے کہا کہ وہ ابھی سیکھ رہے ہیں اور ان دو سینئر فاسٹ باؤلرز کے الفاظ سے ان کا حوصلہ بڑھتا ہے ، اس کے علاوہ عامر بھائی گراؤنڈ میں موجود ہوتے ہیں تو وہ غلطیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری لانے کے لیے مفید مشورے دیتے رہتے ہیں۔