کراچی (کلچرل رپورٹر)پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ معروف اداکار و ہدایتکار قیصر خان نظامانی نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا بھارتی ہم منصب مودی کو دوسری بار وزیر اعظم بننے پر کامیابی کی مبارک باد دینے کے علاوہ خطے کے لوگوں کی بہتری کے مشترکہ طور پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرنا خوش آئند اقدام ہے ۔ جبکہ دوسری طرف نو منتخب وزیر اعظم نریندر مودی نے امن، خوشحالی اور ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے اعتماد اور دہشت گردی سے پاک ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انکا کہنا تھا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ پاکستان بھارتی فلموں کی دوبارہ پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کی اجازت دے کر خیر سگالی کے جذبے کو مزید تقویت دے ۔ انکا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی سینماء گھروں میں پاکستانی فلمیں نا ہونے کے برابر ہیں ۔ عید کے مواقعوں پر بھلے بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت نا دی جائے البتہ پورے سال پاکستانی سینماء گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش سے سینماء انڈسٹری کے کاروبار و تقویت ملے گی اور جو سینماء مالکان سینماء گھروں کو دوبارہ سے بند کرنے کی خواہش کا اظہار کررہے ہیں وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے ۔ انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات بہتر ہونے سے پاکستانی فنکاروں سمیت سینماء مالکان اور اس صنعت سے جڑے ہوئے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔