مقبوضہ بیت المقدس،واشنگٹن (این این آئی، صباح نیوز،آن لائن،نیٹ نیوز)غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جوائنٹ کنٹرول روم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کی غزہ کی پٹی پر جارحیت پراینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔ دوسری طرف متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی سپورٹ کے پابند ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ اماراتی اور بحرینی حکمران غدار اور خائن ہیں۔درجنوں یہودی شرپسندوں نے پھرمسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی ہے ۔ قابض فوج نے چھاپوں کے دوران ٹیچر حنادی حلوانی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔دوسری طرف مغربی کنارہ میں کورونا کیسز کی وجہ سے 2سکول سیل کردیئے گئے ،وائرس کے شکارحماس کے بزرگ رہنما الشیخ ابو عرہ انتقال کرگئے ۔