تہران(این این آئی،نیٹ نیوز)مسلسل دو ماہ سے زیادہ عرصے تک انکار کے بعد آخر کار ایرانی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس کی وبا جنوری سے ہی پھیل چکی تھی ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ صدرحسن روحانی کی زیر صدارت میں فیصلہ کیا گیا کہ کاروباری نقصان پورا کرنے کیلئے ایک کروڑ 60 لاکھ یورو بطور قرض دئیے جائیں گے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے قائم کردہ نیشنل کرونا کنٹرول سنٹر کی ایپیڈیمولوجی کمیٹی کے سربراہ علی اکبر حق دوست نے ویڈیو پریس کانفرنس میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ایران میں جنوری 2020 کے تیسرے عشرے میں ایران میں کرونا کی وبا پھیل چکی تھی،وائرس صرف چند ہفتوں کے اندر خوف ناک حد تک پھیل گیا ، حکام تشخیص میں دیر کر چکے تھے اسی وجہ سے انہوں نے اس کا اعلان کرنے میں دیر کی، موسم گرما تک بیماری نقطہ عروج کو پہنچنے کے بعد کمزور پڑ جائیگی،مکمل قابو تک تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے ۔دریں اثنا ایران نے کرونا سے نمٹنے کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا، صدر حسن روحانی کی زیر صدارت نیشنل ہیڈکوارٹر ز میں ہونے والے ایک اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پیکج کی منظوری دی گئی۔ پیکج میں شامل رقم کوکورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کے لیے نیشنل ہیڈ کوارٹر ز کے مطالبے پر بند ہونے سے سامنے آنے والے کاروباری نقصان کو پورا کرنے اور صحت کے شعبے میں مالی تعاون کے لیے مختص کیا جائے گا۔حکومت کے ترجمان علی ربیعی کا کہنا تھا کہ یہ رقم ایران کے گھروں موجود افراد، مزدور اور معاشرے کے غریب طبقے میں تقسیم کی جائے گی۔کاروباری نقصان کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ یورو قرض کے طور پر دیا جائے گا جنہوں نے اپنے ملازمین کو روزگار سے فارغ کرنے سے انکار کیا تھا۔علی ربیعی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے لیے طبی آلات، ادویات اور آئی سی یو کی گنجائش میں اضافے کرنے کے اقدامات بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مختص کی گئی رقم کا ایک حصہ انشورنس فنڈ کو بھی دیا جائے گا۔ایرانی صدر حسن روحانی نے اجلاس کے دوران کہا کہ نیشنل ہیڈکوارٹرز کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جہاں کووڈ-19 سے متاثرہ افرادمفت زیرعلاج ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے علاج کے 90 فیصد اخراجات برداشت کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور کا کہنا تھا کہ ایران میں 38 ہزار 309 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 12 ہزار 391 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 640 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 3 ہزار 467 افراد کی حالت تشویش ناک ہے ۔