کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل منگل کو بھی جاری رہا اورکے ایس ای100انڈیکس مزید152.81پوائنٹس اضافے سے 38564.37پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجبکہ47.94فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیالیکن مہنگے شیئرز کی فروخت اور قیمتوں میں کمی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں12ارب76کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی اورکاروباری حجم بھی پیرکی نسبت 17.32 فیصدکم رہا۔ گزشتہ روزسیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت کے باعث فروخت کے دباؤ دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 38391پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، بینکنگ، سیمنٹ، فوڈز،سٹیل اورکیمیکل سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرکی پرکشش قیمتوں پرخریداری کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100انڈیکس38910پوائنٹس کی بلندسطح پر پہنچ گیا بعد میں انڈیکس مذکورہ سطح پربرقرارنہ رہ سکا لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس152.81پوائنٹس اضافے سے 38564.37پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس87.24پوائنٹس اضافے سے 17831.61پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس 190.09پوائنٹس اضافے سے 62260.66پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس21.46پوائنٹس کمی سے 27226.93پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر390کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 187کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،177کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ26کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔