سرینگر (صباح نیوز ،اے ایف پی ) دنیا بھر کی توجہ کورونا وائرس پر ہونے کے باعث بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں اضافہ کردیا ہے اورمزید 5نوجوانوں کو شہیدکر دیا جبکہ تین بھارتی فوجی اہلکار بھی واصل جہنم ہوگئے ،دو روز کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں 9 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی اور آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ، بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ میں آپریشن کی آڑ میں مزید 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے دعوی ٰ کیا کہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک شمالی کیرن علاقے میں اتوار کی علی الصبح مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جہاں ایک خونریزجھڑپ ہوئی جس میں پانچ مجاہدین شہید ہو گئے ،ترجمان نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ جھڑپ میں تین فوجی اہلکار ہلاک اور کئی شدید زخمی ہوئے ۔ علاقے میں فوجی آپریشن آخری اطلاعات تک جاری تھا ، آپریشن میں فوجی ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیاجارہا ہے ۔ ہفتہ کوکولگام میں بھارتی پابندیوں کے باوجود ہزاروں لوگوں نے 4 شہید نوجوانوں کے نماز جنازہ میں شرکت کی ،بھارتی فوج نے لوگوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے کئی افرادزخمی ہو گئے ۔ علاو ہ ازیں ایک اور فوجی ستندر مورنانے گولی مارکرخودکشی کرلی۔