سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایل اوسی پر پا ک بھارت کے حالیہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود فوجی آپریشنز جاری ہیں ۔فورسز نے سرینگر کے ہمدانیہ کالونی ، پلوامہ اور شوپیاں میں رات گئے کئی دیہات کا محاصرہ کیا اورگھروں کی تلاشی کے دوران3نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں تعینات قابض بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سربراہ ، لیفٹیننٹ جنرل یوگیش کمار جوشی نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کا اثر مقبوضہ کشمیر میں کارروائیوں پر نہیں پڑے گا۔ بھارتی راجیہ سبھا میں کانگریس کے سینئر لیڈرغلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں حتی کہ بی جے پی اور آر ایس ایس بھی جموں کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی چاہتی ہیں۔بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کانگریس پارٹی کو پاکستانیوں کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پارٹی کے لیڈروں کو اپنے افراد ِ خاندان بھی ووٹ نہیں دیتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکرٹری غلام نبی لون نے کنٹرول لائن پر فائر بندی معاہدے پر عمل درآمد پر پیشرفت کا خیر مقدم کیا ہے۔