لاہور (اپنے رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے لبرٹی مارکیٹ میں لگائے جانے میاواکی فارسٹ میں درختوں کی حوصلہ افزانشوونما کے بعد پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں بھی میاواکی جنگل لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے منظور شدہ پرائیویٹ سکیموں کے سپانسرز/ڈویلپرز سے تعاون طلب کر لیا ہے ۔ سپانسرز کو اپنی سکیموں میں میاواکی جنگل کے فوائد سے آگاہ کرنے اور اپنی اپنی سکیموں میں میاواکی جنگل لگانے پر آمادہ کرنے کیلئے ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں ایک تعارفی اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس موقع پر ایل ڈی اے کے چیف میٹر وپولیٹن پلانرسید ندیم اختر زیدی،واٹر سپیشلسٹ ریاض حسین اور فارسٹیر ی کے ماہرین نے ان سپانسرز کو میاواکی جنگل لگانے کی تکنیک،پودوں کی افزائش اور دیکھ بھال کے طریقوں اور دیگر امور پر روشنی ڈالی ۔ایل ڈی اے پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز کے تحت تمام پرائیویٹ رہائشی سکیموں کو منظوری حاصل کرنے کیلئے اپنا ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپ پلان منظور کرانا ضروری ہے ۔ نجی رہائشی سکیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منظورشدہ پلان کے مطابق پارکو ں، کھلی جگہوں اور گرین بیلٹس پر شجر کاری یقینی بنائیں۔قواعد کے تحت کسی بھی سکیم میں سات فیصد رقبہ پارکوں اور کھلی جگہوں وغیرہ کیلئے مختص کرنا ضروری ہے ۔اس موقع پر ڈویلپرز نے بتایا کہ پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں تین لاکھ درخت لگانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔پرائیویٹ رہائشی سکیمیں شہر کی نئی سٹرکچر پلان روڈز اور فنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر جوہر ٹاؤن میں سبزہ کاری کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گی۔