لاہور(احتشام الحق) پاکستان کرکٹ بورڈکے تین بڑوں کی بورڈ سے غیر حاجری کے بعد بورڈ میں روزمرہ کے معاملات ٹھپ ہو کر رہ گئے ،پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان آسٹریلیا میں ہیں، سی او او سبحان احمد مبینہ طور پر ناراضگی کے باعث چھٹیوں پر ہیں جبکہ چیئرمین پی سی بی نجی دورہ پر انگلینڈ میں ہیں۔ بورڈ کے تین اہم عہدیداران موجود نہ ہو نے سے بورڈ کے معاملات رک گئے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کے درمیان اختلافات میں کمی نہیں آئی جس کی بناپر چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے دو ہفتون کے بعد اب مزید چھٹیاں لے لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سبحان احمد جوکہ اپنے اختیارات میں کمی کے سبب بورڈ حکام سے نالاں ہیں ان کو راضی کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں ۔ سبحان احمد گزشتہ بیس ال سے زائد عرصہ سے بورڈ کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور انہیں کئی ایک رازوں سے بھی واقفیت ہے لہذا انہیں منانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نجی دورے پر انگلینڈ میں ہیں جہاں سے وہ کل وطن واپس پہنچیں گے جبکہ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کرکٹ آسٹریلیا کے آفیشلز کے ساتھ ملاقاتوں کے لئے ان دنوں آسٹریلیا میں موجود ہیں۔تین اہم عہدیداروں کی عدم دستیابی کے باعث پی سی بی میں روزمرہ کے امور بھی رک گئے ہیں ۔چیئرمین پی سی بی نے معاملات نمٹانے کے لئے پی سی بی گورننگ بورڈ کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے جس میں افرسان کی باہمی چپقلش پر بھی بحث متوقع ہے ۔