لاہور( کلچرل رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایش ایل کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز خوبصورت رنگا رنگ تقریب کے ساتھ 20 فروری سے ہوگا، 19 فروری کو سہ پہر ساڑھے 3بجے ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی کی نیشنل سٹیڈیم کراچی میں تقریب رونمائی ہوگی۔تقریب میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی، تمام فرنچائز کے مالکان اور تمام ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے ۔ 20 فروری کو شام 7 بجے ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو 2020 کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہوگا۔ ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں کْل 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ اس دوران مختلف گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ دیگر فنکار اپنے رقص سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے ۔ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ میں شامل گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آفیشل ترانے میں شامل چاروں گلوکار عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون بھی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوں گے ۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مختلف وینیو پر کھیلے جائیں گے ، لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے ۔ابتدائی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رات نو بجے شروع ہوگا، پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے ، تیاریاں عروج پر،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل کا دفاع کریگی۔